وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ حکومت مضبوط ہے اور وفاق کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
پنڈ دادنخان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے مخالفین سیاسی بونے ہیں، ان کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی جاتی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کا وزیراعظم اور عوامی نمائندہ وہ ہونا چاہیے جو لوگوں کی عزت میں اضافہ کر سکے، اس وقت عمران خان کی سطح کا کوئی لیڈر پاکستان میں موجود نہیں ہے۔بلاول، مریم نواز، فضل الرحمان، شہبازشریف سیاسی بونے ہیں، مریم نواز مثبت سوچ رکھتی ہیں تو اپنا پیسہ پاکستان میں لائیں، شریف خاندان کا پیسہ اگر پاکستان آ جائے تو معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، وہ پارٹی کیساتھ ہیں، جہانگیر ترین پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے، جو عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے، حکومت مضبوط ہے، وفاق اور نہ ہی پنجاب میں خطرہ ہے، یہ منہ اور مسور کی دال، یہ کیا عدم اعتماد لائیں گے، عدم اعتماد شوق سے لائیں، ان کو منہ کی کھانا پڑے گی، اپوزیشن سینیٹ میں اکثریت کے باوجود ہارتی رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مراد سعید کیخلاف غلط زبان استعمال کی گئی، پوری قوم مراد سعید کیساتھ کھڑی ہے، مراد سعید کوسراہتا ہوں انہوں نے آگے بڑھ کر ایف آئی آر کرائی۔