وسطی صومالیہ میں ایک خود کش حملے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد کے جاں بحق اور 20 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
اطلاعات کے مطابق وسطی صومالیہ کے شہر بلد وینہ کے ایک کیفے میں ایک خود کش حملہ آور نے خود کو بم سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ہونے والے زور دار دھماکے سے کم ازکم 15 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہو گئے۔
پولیس کی جانب سے خود کش حملے کی تصدیق کی گئی ہے جبکہ ایک سیکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ خود کش حملہ صوبہ حران کے دارالحکومت بلد وینہ میں ایک پُر ہجوم کیفے میں کیا گیا جہاں اُس وقت کئی سیاستدان اور مقامی حکام موجود تھے۔ایک عینی شاہد نے بتایا کہ یہ ایک زور دار دھماکا تھا جس کے بعد جائے وقوعہ پر بھگدڑ مچ گئی۔ جاں بحق افراد میں فوجی اہلکار اور عام شہری بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بلد وینہ شہر میں پارلیمانی انتخابات کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جبکہ دھماکے میں ایک انتخابی اُمیدوار کے جاں بحق ہونے کی بھی اطلاع ہے۔بعض اطلاعات کے مطابق القاعدہ کی ذیلی عسکریت پسند تنظیم الشباب نے اِس خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ الشباب نے گزشتہ چند ہفتوں میں انتخابات کے انعقاد کے دوران ملک کے متعدد شہروں میں بم حملے کیے ہیں۔
صومالیہ کے پارلیمانی انتخابات یکم نومبر 2021ء کو شروع ہوئے تھے جنہیں 24 دسمبر تک مکمل ہونا تھا تاہم اب یہ 25 فروری تک مکمل ہوں گے۔