پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے ناراض ایم این اے عامر لیاقت کے پارٹی چھوڑنے کے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں عوام کو دہشت گردی پر اکسانے کے الزامات سے الطاف حسین کی بریت کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے ڈاکٹر عامر لیاقت کی ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے، جس میں وہ جلد پی ٹی آئی چھوڑنے کے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عامر لیاقت اپنی تیسری اہلیہ کے ہمراہ ایک تقریب میں شریک ہیں، اور انہیں انتظامیہ کی جانب سے شیلڈ پیش کی جا رہی ہے۔
شیلڈ وصول کرتے ہوئے عامر لیاقت نے میزبان خاتون کو کہا کہ ہمارا آپس میں اتحاد ہو گا، جس پر خاتون میزبان نے انکار کر دیا۔ اس موقع پر عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ اتحاد ہو جائے، ایم کیو ایم سے ہو جائے گا، اور اتحاد ایم کیو ایم سے ہی ہونا ہے۔
پی ٹی آئی 6 مہینے میں ختم ہوجائے گی، میرے قائد الطاف حسین ہی ہیں، میں بھی اندر سے ایم کیو ایم کا ہی ہوں.
پی ٹی آئی ایم این اے عامر لیاقت pic.twitter.com/oPX9QgNCCg
— Abdullh Chaudhry (@ChAbdullahpk1) February 21, 2022
عامر لیاقت سے ایم کیو ایم کے متعلق گفتگو سن کر خاتون میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ نے پی ٹی آئی چھوڑ دی، جس پر پی ٹی آئی کے ایم این اے عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ اس وقت تک ختم ہوجائے گی پی ٹی آئی، کراچی میں تو ایم کیوایم ہی ہے ناں، وفا پرست ہی سارے امیدوار ہوں گے ،میں شروع سے ایم کیوایم ہوں، یہ تو تبلیغی جماعت تھی ۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ میں اندر سے ایم کیوایم ہوں، میرے قائد الطاف حسین ہی ہیں، پی ٹی آئی 6 ماہ میں ختم ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے ناراض اراکین اسمبلی میں ہوتا ہے، اور وہ اپنی ناراضگی کی وجوہات کے متعلق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ بھی کر چکے ہیں، اور اس سلسلے میں ان کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات بھی ہو چکی ہے۔