وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کیلئے کوششیں کرنے والی اپوزیشن جماعتوں کو واضح الفاظ میں پیغام دیا ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): آج ای تجارت پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میرے بارے میں یہاں بات کی گئی کہ میں نے سب سے زیادہ جملہ کونسا بولا ہے تو میں خود آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے سب سے زیادہ جو بات کہی وہ یہ ہے کہ گھبرانا نہیں، ہم نے جب حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے اور ملک دیوالیہ ہو چکا تھا، مجھے ٹیم کی فکر تھی کہ یہ گھبرا جائے گی، اس لئے میں نے انہیں تلقین کی کہ گھبرانا نہیں، جب سب سے مشکل کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہم کھیلتے تھے تب بھی میں اپنی ٹیم کو یہی کہتا تھا اور آج میں اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ گھبرانا نہیں۔
وزیراعظم نے بہترین پریزنٹیشن پر عون عباس بپی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے بہترین کام کیا ہے اور ان میں جذبہ و جنون ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں پاکستانی نوجوانوں کیلئے بڑے مواقع ہیں اور اس شعبہ میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، دنیا میں ٹیکنالوجی کا انقلاب آ گیا ہے، نوجوانوں کو اس سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں بہت تھوڑے سے اقدامات کرکے برآمدات میں ہم 2 ارب سے پونے 4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، آئندہ چند سالوں تک آئی ٹی کی برآمدات 50 ارب ڈالر تک بڑھائی جا سکتی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی اور مراعات اور سہولیات میں اضافہ کرے گی، ہم نے رجسٹرڈ فری لانسرز کیلئے زیرو ٹیکس کر دیا ہے، میں نے بل گیٹس کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی، وہ ایسے انسان ہیں جنہوں نے مزید پیسہ کمانے کی بجائے پولیو کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی مدد کی اور اس کیلئے بہت پیسہ خرچ کیا، گذشتہ ایک سال میں پاکستان میں پولیو کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا، بل گیٹس کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کا مقصد یہ تھا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں بھی ان کی خدمات سے استفادہ کیا جائے، اس سلسلہ میں آنے والے دنوں میں خوشخبری دوں گا۔
“بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کیلئے بڑی مدد کی،”
وزیراعظم عمران خان،
قومی ای-تجارت پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب pic.twitter.com/sYZhjc6Qrb— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) February 21, 2022
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو جب بھی موقع ملتا ہے وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہیں لیکن سسٹم انہیں آگے نہیں آنے دیتا، جتنا ٹیلنٹ پاکستان میں ہے دنیا میں کہیں نہیں، سسٹم نہ ہونے کے باوجود نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہیں، حکومت نے ملک میں تین طرح کے تعلیمی نظام کا خاتمہ کر دیا ہے اور پرائمری تک یکساں نصاب نافذ کر دیا ہے کیونکہ ہمارا نظام تعلیم عام آدمی کو اوپر نہیں آنے دیتا، امیر اور غریب کیلئے الگ الگ نظام کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
“یکساں نصابِ تعلیم رائج کر رہے ہیں جس سے سب کو ترقی کے برابر مواقع ملیں گے،”
وزیراعظم عمران خان،
قومی ای-تجارت پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب pic.twitter.com/dd7QnJn1mT— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) February 21, 2022
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں حکومت ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، نوجوانوں کو مختلف قسم کے کورسز اور تربیت فراہم کی جا رہی ہے، نوجوان بالخصوص خواتین آئی ٹی کی بدولت گھر بیٹھے کاروبار کر رہی ہیں، ہماری بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرکے نہ صرف انہیں روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی اس سے بے تحاشا فائدہ ہو گا۔
“ای-کامرس کے ذریعے خواتین گھر بیٹھے ہی اپنے کاروبار کو فروغ دے سکتی ہیں،”
وزیراعظم عمران خان،
قومی ای-تجارت پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب pic.twitter.com/QI0cTAlYGl— Prime Minister’s Office, Pakistan (@PakPMO) February 21, 2022