یوکرین کے وزیر دفاع کا فوج کو روس کیخلاف جنگ کیلئے تیار رہنے کا حکم

22  فروری‬‮  2022

یوکرین کے وزیر دفاع اولکسی ریزنیکوف نے فوج کو روس کیخلاف جنگ کیلئے تیار رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس جنگ میں ہماری فتح یقینی ہو گی۔

یوکرین کے وزیر دفاع اولکسی ریزنیکوف نے ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں فوج کو کہا  کہ جنگ کیلئے تیار رہیں جس میں سختیاں بھی ہوں گی، اور نقصانات بھی ہیں۔ یوکرین کے وزیر دفاع نے کہا کہ ہمیں سختیوں اور تکالیف کو برداشت کرتے ہوئے خوف اور مایوسی پر قابو پانا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس میں یوکرینی وزیر دفاع کے بیان کو طبل جنگ کے نام سے رپورٹ کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے یوکرین کے وزیردفاع اپنی فوجوں کا لہو گرما رہے ہیں۔

ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں یوکرین کے وزیردفاع کا مزید کہنا تھا کہ ہماری قوم  نےسختیاں اور تکالیف برداشت کر لیں، تو ہماری فتح یقینی ہے۔

یوکرین کے وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ روس ایک بار پھر سویت یونین کی تاریخ دہرا رہا ہے اور گزشتہ روز فوجی جارحیت سے روس نے اپنا اصل چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔

یاد رہے اولکسی ریزنیکوف کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے مشرقی یوکرین کے دو صوبوں کو خود مختار ریاستیں تسلیم کرتے ہوئے وہاں اپنی فوجیں بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ روسی کے ان اقدامات کی عالمی رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جبکہ امریکہ نے روس پر پابندیوں کے بارے میں بھی حتمی فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان آج کیا جائے گا۔

دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے روسی صدر کی جانب سے مشرقی یوکرین میں امن فوج کے دستے بھیجنے کے اعلان کے بعد روس کے 5 بینکوں اور 3 امیر ترین افراد کے اثاثے منجمد کرتے ہوئے ان پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved