پیپلز پارٹی نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد (ن) لیگ سے وزیراعظم کے امیدوار کا نام تجویز کر دیا

23  فروری‬‮  2022

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ن لیگ سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا نام تجویز کر دیا ہے۔

آج ماڈل ٹاؤن میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام کی قیادت کی ملاقات ہوئی، جس میں حکومت مخالف تحریک سمیت تحریک عدم اعتماد کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے اہم فیصلے کر لئے ہیں، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے تجویز دی ہے کہ ہمارے لانگ مارچ سے پہلے عدم اعتماد نہ لائی جائے، بلکہ 8 مارچ کو لانگ مارچ کے اختتامی جلسے کے بعد تحریک عدم اعتماد لائی جائے، کیونکہ اس دوران حکومت کے خلاف عوامی جذبات واضح پیغام ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کی تجویز پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے بھی لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، اور پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اس حوالے سے مشاورت ضروری ہے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ نمبر کے حوالے سے  اپوزیشن کا اہم اجلاس جلد اسلام آباد میں طلب کیا جائے گا۔ اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری نے شہبازشریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے، آپ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔

یاد رہے کہ پی ڈی ایم سے علیحدگی کے وقت بھی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہم قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز سے رابطہ رکھیں گے، کیونکہ ان شخصیات کے ساتھ جب بھی عدم اعتماد کیلئے بات کی جاتی ہے تو ہمیں مثبت جواب ملتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved