روس کیساتھ جنگ کے خطرے کے پیش نظر یوکرین نے ملک میں ایک ماہ کیلئے ایمرجنسی نافذ کر دی

23  فروری‬‮  2022

یوکرین نے روس کے حملے کے پیش نظر ملک میں ایک ماہ کیلئے ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت مختلف علاقوں میں کرفیو نافذ رہے گا اور کسی کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین کے دو صوبوں کو خودمختار ریاستیں تسلیم کرکے وہاں اپنی  فوجیں بھیجنے کے اعلان کے بعد یوکرین نے ملک میں 30 روز کیلئے ایمرجنسی نافذ کردی۔

یوکرین کے وزیر قومی سلامتی کا میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو ایمرجنسی میں مزید 30 دن کی توسیع کی جا سکتی ہے۔ اس دوران جن علاقوں میں کرفیو نافذ ہوگا وہاں شہریوں کو گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

قبل ازیں یوکرین نے روس میں موجود اپنے شہریوں کو فوری طور پر وہاں سے نکلنے سے کی ہدایت کرتے ہوئے سینکڑوں روسی شہریوں پر پابندی عائد کردی تھی۔ اس کے ردعمل میں روس نے یوکرین کے دارالحکومت میں اپنے سفارت خانے سے عملے کو واپس بلانا شروع کردیا ہے، یوکرین میں روس کے تین قونصل خانے بھی ہیں، جہاں سے عملے کا انخلا کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب امریکہ، برطانیہ، یورپی یونین، جرمنی اور دیگر ممالک نے یوکرین کے دو صوبوں میں فوج بھیجنے پر روس پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز یوکرین کے وزیر دفاع نے روس کیساتھ جنگ کیلئے فوج کو تیار رہنے کا حکم دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ مشکلات اور مصیبتیں آئیں گی، لیکن ہماری فتح یقینی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved