روس کی یوکرین میں فوجی کاروائی پر چین کا ردعمل سامنے آ گیا

24  فروری‬‮  2022

روس کی یوکرین میں فوجی کاروائی پرچینی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے آج میڈیا بریفنگ میں کہا کہ روس کے یوکرین میں فوجی آپریشن کو یوکرین پر حملہ کہنا متعصب عمل ہو گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چین یوکرین اور روس کے مابین کشیدگی کا بغور جائزہ لے رہا ہے، ہم فریقین کو کہتے ہیں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں، اور صورتحال کو مزید کشیدہ ہونے سے بچائیں۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان نے روس کی فوجی کاروائی کو حملہ قرار دینے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین اور روس کے تنازع کا پس منظر بہت پیچیدہ ہے، حالیہ فوجی کاروائی کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین یہ تنازع پرامن طریقے سے حل کرنے کیلئے بات چیت کا دروازہ بند نہیں ہونا چاہیے۔

یا درہے کہ گزشتہ روز چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں روس پر امریکہ اور مغربی ممالک کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں پر بھی شدید تنقید کی گئی تھی۔

چینی جریدے گلوبل ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکہ نے 2011ء سے روس پر 100 سے زائد پابندیاں عائد کیں، جن سے نہ صرف مسائل حل نہ ہو سکے، بلکہ تنازعات مزید پیچیدہ ہوئے، اور دیگر فریقین کے مفادات کو بھی ٹھیس پہنچی۔

واضح رہے کہ آج روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت دیگر شہروں میں فوجی کاروائی کی ہے، جس میں یوکرین کے ائیر بیسز، ائیر ڈیفنس سسٹم اور فوجی انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved