دپیکا پیڈوکون کا سلمان خان کیساتھ فلم کرنے سے انکار، وجہ بھی بتا دی

24  فروری‬‮  2022

بالی وڈ اداکارہ دپیکا پیڈوکون نے سلمان خان کی فلم میں کام سے انکار کی وجہ بیان کر دی ہے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دپیکا پیڈوکون کا کہنا تھا کہ میں ان دنوں ماڈلنگ کے شعبے میں تھی، جب مجھے سلمان خان نے فلم کی آفر کی۔ انہوں نے کہا کہ سلمان خان وہ پہلے شخص ہیں جنہوں نے مجھے فلم کی پیشکش کی، کیونکہ انہوں نے میری ماڈلنگ دیکھ کر مجھ میں چھپے ٹیلنٹ کو بھانپ لیا تھا۔

بالی وڈ اداکارہ نے بتایا کہ میری توجہ اس وقت صرف ماڈلنگ پر مرکوز تھی، اور میں اداکاری کیلئے تیار نہیں تھی، اور مجھے اندازہ بھی نہیں تھا کہ میں اداکاری کر سکتی ہوں، اس لئے میں نے انکار کر دیا۔ دپیکا نے اس موقع پر کہا کہ بالی وڈ میں سب سے پہلے اور بڑی فلم کی پیشکش کرنے پر میں سلمان خان کی ہمیشہ شکر گزار رہوں گی۔

دپیکا پیڈوکون کا مزید کہنا تھا کہ سلمان خان کی جانب سے فلم کی پیشکش کے دو سال بعد مجھے شاہ رخ خان کی فلم اوم شانتی اوم میں مرکزی کردار کی پیشکش ہوئی، جس سے میں نے بالی وڈ کی دنیا میں قدم رکھا۔

یاد رہے کہ دپیکا پیڈوکون کا شمار بالی وڈ کی مہنگی ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے، اوم شانتی اوم سے بالی وڈ میں قدم رکھنے کے بعد وہ چنائی ایکسپریس، ہیپی نیو ائیر، پدما وت،  باجی راؤ مستانی، اور ریس 2 سمیت متعدد بڑے بجٹ کی فلموں میں کام کر چکی ہیں، جبکہ ان کی شاہ رخ خان کیساتھ نئی فلم پٹھان 2022ء میں ریلیز ہو گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved