پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن نے یوکرین میں محصور پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے فلائیٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یوکرین محصور پاکستانیوں کی واپسی کے معاملے پر سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک اور یوکرین میں پاکستان کے سفیر میجر جنرل (ر) نوئل کھوکھر کے درمیان رابطہ ہوا، جس میں پاکستانی شہریوں اور طالب علموں کے محفوظ انخلا کے متعلق بات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او پی آئی اے کی پیشکش پر یوکرین میں محصور 3 ہزار پاکستانی طالب علموں کی وطن واپسی کیلئے فضائی آپریشن تیار کرلیا گیا ہے، جس کے مطابق یوکرین میں تعینات پاکستان کے سفیر نے پاکستانی طالب علموں کو یوکرین کے شہر ٹرنوپل میں جمع ہونے کی ہدایت کی ہے۔
یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق تمام پاکستانی طالب علم یوکرین کے شہر ٹرنوپل میں جمع ہوں گے، جس کے بعد پی آئی اے کا بوئنگ 777 طیارہ پولینڈ سے طالب علموں کو وطن واپس پہنچائے گا۔ سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ یوکرین سے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے پرواز تیار کی جارہی ہے، جسے طالب علموں کے پولینڈ پہنچتے ہی روانہ کردیا جائے گا۔
یاد رہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد 3 ہزار سے زائد پاکستانی طالب علم اور شہری یوکرین میں پھنس گئے ہیں، جنہوں نے اپنی باحفاظت وطن واپسی کیلئے حکومت سے مدد کی اپیل بھی کی تھی۔