پیمرا نے ڈراموں میں نامناسب لباس، میاں بیوی کی قربت سمیت دیگر قابل اعتراض مناظر نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی

24  اکتوبر‬‮  2021

پیمرا کا کہنا ہے کہ ہمارےڈرامے ہمارے معاشرے کی عکاسی نہیں کر رہے، ٹی وی چینلز کے شوز حیا کا مظاہرہ کریں اور نامناسب لباس اور قربت کے مناظر دکھانے سے گریز کریں۔

تفصیلات کے مطابق پیمرا نے ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے کا ایک بڑا طبقہ اس بات کا حامی ہے کہ ہمارے ڈرامے پاکستانی معاشرے کی حقیقت میں عکاسی نہیں کر رہے۔پاکستان کے ڈراموں میں دکھائے جانے والے مناظر کے متعلق پیمرا کو اپنے کال اور فیڈ بیک سینٹر کے علاوہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر کافی شکایات موصول ہو رہی ہیں، اس کے علاوہ وٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا گروپس میں بھی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے موجودہ رجحان پر سخت تنقید کی جا رہی ہے۔

پیمرا نے ہدایت کی کہ ٹی وی چینلز ڈراموں میں ایسے مناظر نشر کرنے سے گریز کریں اور اپنے ادارے کی بنائی ہوئی کمیٹیوں  کے ذریعے ڈراموں کے مواد کا باقاعدہ جائزہ لیں اور پاکستانی ناظرین کے تحفظات کے مطابق اس میں ترمیم کریں۔

پیمرا کی جانب سے چینلز کو جاری کئے گئے ہدایت نامے میں کہا گیا کہ معانقہ، ناجائز تعلقات، بے ہودہ یا بولڈ لباس اور شادی شدہ جوڑوں کے تعلق کو گلیمرائز کرنا اسلامی تعلیمات اور پاکستانی معاشرے کی ثقافت کے منافی ہے۔ اس لئے نامناسب لباس، (مرد اور خواتین کے) گلے ملنے کے مناظر، میاں بیوی کی قربت کے مناظر، حساس،  متنازع اور قابل اعتراض موضوعات پر بنائے گئے  ڈرامے یا مناظر نشر کرنے سے گریز کریں

پیمرا نے تمام ٹی وی چینلز بشمول ملک میں لینڈنگ رائٹس رکھنے والوں کوہدایت کی ہے کہ اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved