صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان سرجیکل اور کھیل جیسے شعبوں میں بہترین مصنوعات تیار کر رہا ہے لیکن بدقسمتی سے کئی ممالک پاکستانی مصنوعات کو ری برانڈ کر کے دوسرے ممالک کو فروخت کررہے ہیں۔
لاہور – (اے پی پی): ہفتے کے روز گورنر ہاؤس لاہور میں وزارت تجارت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے زیر اہتمام پہلے پاکستان انجینئرنگ اینڈ ہیلتھ کیئر شو 2022ء سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے پاس افریقہ اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو پیش کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔انہوں نے غیر ملکی مندوبین کو یقین دلایا کہ حکومت نے کاروبار کو آسان بنا دیا ہے اور بین الاقوامی تاجروں کو دعوت دی کہ وہ یہاں آکر بغیر کسی رکاوٹ کے کاروبار کریں۔
![](https://sabirshakir.com/wp-content/uploads/2022/02/1-3.jpg)
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، چین، ترکی اور یورپی ممالک کے لیے اقتصادی مرکز کے ساتھ ساتھ جیو اکنامک مرکز بھی بن رہا ہے کیونکہ دنیا پاکستان کے ذریعے چین اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ازبکستان اور دیگر وسط ایشیائی ممالک کے دورے کے دوران محسوس کیا کہ ان ممالک کی قیادت پاکستان سے تجارت کا بے تابی سے انتظار کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ ریشم کو کاروبار اور تجارت میں بہت اہمیت حاصل ہے اور اس نے دنیا کو چین اور وسطی ایشیائی ممالک سے ملادیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پوری دنیا کے لیے تجارت اور سیاحت کے بے پناہ مواقع اور امکانات موجود ہیں، حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے باوجود کاروبار کرنے میں آسانی کے لیے 28 اقدامات کئے ہیں۔
![](https://sabirshakir.com/wp-content/uploads/2022/02/2-3.jpg)
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی تجارت کی بہتری، کاروبار میں آسانی اور سیاحت کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں، حکومت نے کورونا وائرس کی وبا کے باوجود کاروبار کرنے میں آسانی کیلئے 28 اقدامات کئے ہیں۔
Inauguration ceremony of the Engineering and Healthcare Show at Governor House, Lahore
President Dr. Arif Alvi inaugurated Pakistan’s 1st Engineering and Healthcare Show 2022. He also addressed the participants of the event. pic.twitter.com/GwpjbsS5kI
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) February 26, 2022
انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری ، سیاحت ، خوبصورتی اور بہترین دوست لوگوں کی سرزمین ہے۔انہوں نے غیر ملکی مندوبین کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے دعوت دی کہ وہ یہاں اپنے قیام میں توسیع کریں اور خوبصورت پاکستان کا دورہ کریں۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی عوام ایمانداری، مہمان نوازی اور کارکردگی میں بہترین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی حکمت عملی کامیاب رہی جسے پوری دنیا میں سراہا گیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور،وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس ، تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد ، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام سمیت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔