پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کے حوالے سے ریحام خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرمراد سعید کی جانب سے دئیے گئے قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید پاکستان تحریک انصاف کی طلبا تنظیم کے بانی صدر رہے، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف و دیگر تحریکوں ،عوامی ایشوز میں حصہ لیا ہے۔
بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ریحام خان (آپ) کی کتاب کا حوالے دے کر بہتان تراشی کی جاتی ہے اور وزارت کی کارکردگی کو متنازع بنایا جاتا ہے۔ جس کی آپ نے کبھی تردید نہیں کی بلکہ ایسے الزامات پر مبنی مواد کو ری ٹویٹ بھی کرتی ہیں۔
دیئے گئے نوٹس میں ریحام خان سے 14 روز میں وضاحت اور معافی مانگی گئی ہے، جب کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں عدالت سے سخت سزا اور ایک ارب ہرجانہ ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔
نوٹس کے ساتھ مختلف ٹی وی پروگرام، تقاریراور سوشل میڈیا پوسٹس بھی شامل کی گئی ہیں۔