پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا اسلام آباد پہنچ کرحکومت پرحملہ کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں عوامی مارچ کے آغاز پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا عوامی مارچ حکومت کے خلاف اعلان جنگ ہے اور ہمارا یہ سفر قائد اعظم کے شہر کراچی سے شروع ہو رہا ہے۔ کراچی منی پاکستان ہے جہاں ہر صوبے اور ہر زبان کے بولنے والے بستے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک نالائق نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے حق پر ڈاکا مارا ہے، عمران خان نے معیشت کا بیڑا غرق اور جمہوریت کاجنازہ نکال دیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کی محنت کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت چلتی ہے لیکن سلیکٹڈ نے عوام کے ووٹ،جیب اور پیٹ پر ڈاکا مارا ، اب وقت آگیا ہے کہ کٹھ پتلی کو جانا ہے، ہم 1973کے آئین کا تحفظ کریں گے، ہم ہر پاکستانی کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔