روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات شروع، یوکرین کا بڑا مطالبہ

28  فروری‬‮  2022

بیلاروس کی سرحد پر روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات شروع ہو گئے ہیں۔

روس اور یوکرین کے درمیان کسی بھی پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کا آغاز بیلا روس کی سرحد پر ہوگیا ہے، جہاں دونوں ممالک  تنازع کو جنگ کی بجائے سفارتی طور پر حل کرنے کیلئے مذاکرات کر رہے ہیں۔

بیلاروس کے سرحدی علاقے گومیل میں ہونے والے مذاکرات میں یوکرینی وفد فوجی ہیلی کاپٹر میں مذاکرات کیلئے طے شدہ مقام پر پہنچا، جس کی قیادت وزیر دفاع اولیکسی ریزنیکوف کر رہے ہیں جبکہ یوکرینی صدر کے مشیر بھی وفد میں شامل ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین نے مذاکرات میں فوری طور پر روسی افواج کے یوکرین سے انخلا اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات جاری ہیں، اور فی الحال ان میں کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی، اور نہ ہی مذاکرات کا کوئی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل روس نے مذاکرات سے قبل یوکرین سے ہتھیار ڈالنے کی شرط رکھی تھی، اور مذاکرات کیلئے اپنا وفد بھی بیلا روس بھیجا تھا۔ لیکن یوکرین کے صدر کاکہنا ہے کہ امن کیلئے مذاکرات ضرور ہونے چاہئیں، لیکن اس کا مقام بیلاروس نہیں بلکہ کوئی اور ملک ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ  دونوں ممالک کی حالیہ مذاکرات کیلئے آمادگی دوست ممالک کی کاوشوں سے ممکن ہوئی ہے، دو روز قبل مذاکرات کیلئے کوششیں ناکام ہونے کے بعد روس نے یوکرین میں فوجی کاروائیاں تیز کر دی تھیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved