وزیراعظم عمران خان کا اپنے دیرینہ ساتھی اور رہنماء پاکستان تحریک انصاف جہانگیر ترین سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ جہانگیر ترین علیل ہیں، اور علاج کیلئے لندن روانہ ہو چکے ہیں، اس لئے عمران خان نے انہیں فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔
یاد رہے کہ جہانگیرترین 26 فروری کو علاج کیلئے ائیر ایمبولینس کے ذریعے لندن روانہ ہو گئے تھے، ذرائع کے مطابق انہیں معدے اور جگر کی تکلیف ہے، اور وہ علاج کے سلسلے میں ایک ہفتہ لندن میں قیام کریں گے۔ لندن روانگی کے وقت جہانگیر ترین نے اپنے گروپ کو متحد رہنے کی نصیحت کی تھی۔ اس سے قبل جہانگیر ترین لاہور کے نجی ہسپتال میں بھی 2 دن داخل رہے، طبیعت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کیا گیا تھا۔