وزیراعظم عمران خان نے بھی اپوزیشن کی ملاقاتوں کے بعد چوہدری برادران سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق آج لاہور کا دورہ کریں گے، جہاں ان کی (ق) لیگ کی اعلیٰ قیادت اور چوہدری برادران سے ملاقات متوقع ہے۔ ملاقات میں وزیراعظم مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کریں گے، علاوہ ازیں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحاریک پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے آج کے دورہ لاہور کیلئے وفاقی کابینہ کا معمول کے مطابق ہونے والا اجلاس منسوخ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ اپوزیشن کی ممکنہ تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر(ق) لیگ کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف، شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن چوہدری برادران سے ملاقات کر چکے ہیں، اور تحریک عدم اعتماد کیلئے ان سے تعاون طلب کر چکے ہیں۔