برطانوی اخبار ڈیلی میل نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی جانب سے کئے گئے کیس پر جواب عدالت میں جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ اپنے چھاپے گئے مضمون پر اب بھی قائم ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف پر بنائے گئے نیب کےریفرنس پر مشتمل، 49 صفحاتی جواب ڈیلی میل نے جواب جمع کروا دیا ہے، جس میں شہباز شریف اور ان کے خاندان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات شامل ہیں۔
ڈیلی میل کے جواب میں شریف فیملی کے ملازمین کے بیانات بھی شامل ہیں، دبئی اور پاکستان میں بینکوں میں پیسے جمع کروانے والے درجنوں ملازمین کے نام شامل ہیں۔
ڈیلی میل کا مؤقف ہےکہ مضمون چھاپنے سے پہلے شریف فیملی کا ورژن لیا گیا تھا۔
شہباز شریف کے داماد کے حوالے سے بھی ڈیلی میل نے جواب عدالت میں جمع کروا دیا ہے۔
ڈیلی میل کا دعوٰی ہےکہ شہباز شریف اور ان کے داماد کے حوالے سے چھپنے والے الزامات پر قائم ہیں، علی عمران یوسف کے اثاثے شریف فیملی میں شادی کے بعد بڑھے ہیں۔
دو سال قبل دائر کیے گئے مقدمے سے متعلق اس وقت شہباز شریف نے اپنے وکیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈیلی میل آن لائن نے میرے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے اور میرے خلاف یہ آرٹیکل سیاسی مقاصد کے لیے لکھا گیا تھا۔