بھارت کو عبرتناک شکست، میرے مطابق پاکستان نے ورلڈ کپ جیت لیا، شیخ رشید

25  اکتوبر‬‮  2021

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ روز بھارت کے ساتھ میچ کوئی عام کرکٹ میچ نہیں بلکہ کرکٹ پلس تھا۔بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست کو بہت بڑی فتح قرار دیتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میرا فائنل کل ہی ہو گیا، میرا ورلڈ کپ کل ہی تھا جو پاکستان نے جیت لیا، میرے اختیار ہوتا تو آج عام تعطیل کا اعلان کر دیتا۔

اسلام آباد –  (اے پی پی و دیگر): بھارت کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی تاریخی فتح پر جڑواں شہروں میں بھر پور جشن اور بھارت میں اپنے کرکٹر کے گھروں پر پتھرا ؤ ہوا، قوم کو تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قوم کو اتنی بڑی خوشی میسر آئی ہے۔ آج وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی عوام نے اپنے کرکٹر کے گھروں پر پتھرا ؤ کیا اس کے برعکس پاکستانی قوم نے بابر اعظم ، رضوان اور شاہین آفریدی کے لئے نیک تمنا ؤ ں کا اظہار کیا اور ٹیم کی کامیابی کا جشن بھرپور طریقے سے منایا ۔ہم نے جڑواں شہروں میں پہلے ہی کنٹینر ہٹا دئیے تھے تاکہ یہاں کے شہری اس تاریخی کامیابی کا جشن بھرپور طریقے سے منا سکیں ۔ یہ پاکستان کی کرکٹ کے میدان میں بہت بڑی فتح ہے۔

اس قبل پاکستان کی جیت کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے لال حویلی سے آتش بازی کی ویڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بھارت کو عبرتناک شکست پر پوری قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستانی عوام کو جیت مبارک ہو، آج پورا پاکستان زندہ باد سے گونج اٹھا۔

ٹی ایل پی سے مذاکرات اچھے رہے

وزیر داخلہ نے کہاکہ ٹی ایل پی کے ساتھ بات چیت کے متعلق کہا کہ یہ معاملات خوش اسلوبی سے حل کرنا چاہتے ہیں، سعد رضوی اور ٹی ایل پی سے مذاکرات اچھے رہے ہیں۔ سعد رضوی کے ساتھ لاہور میں ملاقات کی ہے اور انہیں آگاہ کیا ہے کہ پاکستان کی تنظیموں پر بین الاقوامی اداروں کی نظر ہے۔فرانس یورپی یونین کا کرتا دھرتا ہے اور پاکستان اسلامی دنیا کی ایک ایٹمی قوت ہے اور دنیا کی ہم پر نظر ہے۔ دشمنوں کی ہمیں دیکھ کررال ٹپک رہی ہے، ہمیں یہ امور مدنظر رکھنا ہوں گے۔ٹی ایل پی کے مطالبات پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے مطالبات جلد از جلد پارلیمنٹ کی کمیٹی میں بھیجے جائیں۔ وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ایل پی سے کئے گئے وعدوں پر پہرہ دیں گے، مذاکرات فورتھ شیڈول،کیسز اورکالعدم کے معاملے پر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ  معاملہ پنجاب حکومت کا تھا لیکن سعد رضوی اور بغدادی کے اسرار پر مجھے کمیٹی میں شامل کیا گیا۔ تمام معاملات کو بدھ کو کابینہ اجلاس میں رکھیں گے۔

وزیراعظم نے مدارس کے اکاؤنٹس بحال کرنے کی ہدایت کی ہے

انہوں نے کہا کہ پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کو وزیراعظم کی جانب سے  ہدایت کی گئی کہ دینی مدارس کے اکا ؤ نٹس بحال کر دئیے جائیں ،اس سے مدارس کے اکا ؤ نٹس پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔

اپوزیشن صرف ٹی وی ٹی وی کھیل رہی ہے

وفاقی وزیرداخلہ کا ااپوزیشن کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اپوزیشن صرف ٹی وی ٹی وی کھیل رہی ہے اور ان کی بڑھکیں ٹی وی پروگراموں تک محدود ہیں۔ ان کے مہنگائی کے خلاف احتجاج پر عوام نے بالکل توجہ نہیں دی، یہ ٹیں ٹین فش ہو کر رہ گئے ہیں۔

امریکہ کو بھی پتا ہے کہ ن لیگ میں دو پارٹیاں ہیں

ن لیگ پر اپنے بیانات کے متعلق سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا مسئلہ ضرور ہے لیکن مہنگائی سے متاثرہ چہرے پی ڈی ایم کے جلسے میں نہیں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ چچا اور بھتیجی نے پاکستان میں امریکا کے ناظم الامور سے ملاقاتیں کیں لیکن امریکی ناظم الامور کو یہ پتہ تھاکہ گھر میں دو پارٹیاں ہیں۔ لیکن  اب پاکستان کی سیاست کا فیصلہ پاکستان میں ہوگا۔

اب ایک دن میں پاسپورٹ حاصل کیا جا سکے گا

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ نادرا اور پولیس کے نظام میں جدت اور بہتری لا رہے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ کسی بھی شہر کا رہائشی کہیں سے بھی ایک دن میں اپنا پاسپورٹ حاصل کر سکے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved