وزیراعظم عمران خان لاہور میں چوہدری برادران کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان آج سرکاری دورے پر لاہور میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے انڈسٹریل پیکج کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کے علاوہ متعدد اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں بھی کیں۔
علاوہ ازیں عمران خان شیڈول کے مطابق چوہدری برادران سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں، جہاں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری، وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔ دوسری جانب ق لیگ کے وفد میں چوہدری پرویز الہیٰ، مونس الہیٰ، شافع حسین اور سالک حسین بھی چوہدری شجاعت حسین کے ہمراہ ہیں۔
ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے سربراہ مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کی، اور ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی حکومت مخالف تحاریک پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نجی چینل سےگفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پیپلز پارٹی کی جانب سے حکومت کی 5 اراکین کی حمایت حاصل کرنے کے بیانات پر ردعمل میں کہا کہ آج وزیراعظم کی چوہدری برادران سے ملاقات کے بعد اپوزیشن کو اپنے اراکین اسمبلی کی فکر کرنی چاہیے۔ اتحادی سب دیکھ رہے ہیں، اس صورتحال میں کوئی بھی عمران خان کی حکومت کو چھوڑنے کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پیش کرنے اور اس پر ووٹنگ میں 9 دن لگتے ہیں، اپوزیشن کیلئے اپنے اراکین اسمبلی کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ اپوزیشن کی ممکنہ تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر(ق) لیگ کی اہمیت اور بڑھ گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف، شریک چیئرمین پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن چوہدری برادران سے ملاقات کر چکے ہیں، اور تحریک عدم اعتماد کیلئے ان سے تعاون طلب کر چکے ہیں۔