کوئٹہ میں فاطمہ جناح روڈ پر پولیس موبائل کے پاس دھماکہ ہوا ہے، جس میں ابتدائی معلومات کے مطابق 2 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
کوئٹہ پولیس کے مطابق دھماکہ فاطمہ جناح روڈ پر پولیس موبائل کے قریب ہوا جس کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پرپہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق دھماکے کے بعد اب تک 10 زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فاطمہ جناح روڈ کو دونوں اطراف سے آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔ فی الحال دھماکے کی نوعیت کے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں دہشت گردانہ کاروائیوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔