وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت پیکا آرڈیننس کی واپسی کیلئے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی چینل کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چوہدری پرویزالہیٰ کو پیکا قانون کیلئے مینڈیٹ دے دیا ہے، جوائنٹ ایکشن کمیٹی 90 دن تک تجاویز لے آئے، اعتراض نہیں،وہ سفارشات منظور کرلیں ،حکومت بھی اس پر ہاں کردے گی۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریگولیشنز ہونا بہت ضروری ہے، ہم نے ساری عمر حکومت نہیں رہنا، لیکن ہم چاہتے ہیں کہ کوئی بھی حکومت اس کا غلط استعمال نہ کرسکے۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا سے متعلق پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ 2016ء میں نافذ کیا گیا تھا، جس میں موجودہ حکومت نے ترمیمی آرڈیننس جاری کیا تھا، جس کے تحت فیک نیوز پر سزا 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کر دی گئی، اس کے ساتھ ناقابل ضمانت گرفتاری اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا بھی ہو سکے گی، اس کا اطلاق سوشل میڈیا پر بھی لاگو ہوگا۔
واضح رہے کہ پیکا قانون کو صحافی تنظیموں کی جانب سے عدالت میں چیلنج بھی کیا گیا ہے۔