پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے کشمیری طلبا پر دہشت گردی کا مقدمہ، انتہا پسندہندوؤں کا طلبا کو پاکستان بھیجنے کا مطالبہ

26  اکتوبر‬‮  2021

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی شکست اور پاکستان کی جیت کا جشن منانے والے کشمیری طلباپر مودی سرکار نے دہشت گردی کے مقدمات درج کر دئیے۔

خلیجی جریدے الجزیرہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کشمیر پولیس نے یہ 2  مختلف مقدمات “ان لا فل ایکٹیویٹیز پری وینشن ایکٹ” (UAPA) کے تحت درج کئے ہیں، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابھی ابتدائی طور پر مقدمے میں کسی کو نامزد تو نہیں کیا گیا کیونکہ جشن منانے والے طلباء کی تعداد کا ابھی تک تعین نہیں کیا جا سکا، البتہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سری نگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اور شیرکشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے جشن منانے والے طلباء کو تحقیقات کے ساتھ ساتھ ان مقدمات میں نامزد کیا جائے گا۔ مقدمات میں یہ موقف اپنایا گیا ہے کہ ان جشن منانے والے طلباء نے پاکستان کی جیت کا جشن منا کر ہندوستان کے قومی جذبات کی توہین کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان طلباء کے خلاف شدید ردعمل آنے کی وجہ سے مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے جہاں کچھ افراد کا پرزور مطالبہ ہے کہ ان طلباء کو پاکستان بھیج دیا جائے اور مستقبل میں ان طلباء پر کسی بھی سرکاری نوکری کیلئے پابندی لگائی جائے۔

یاد رہے کہ 2014ء میں بھی پاکستان کی ایشیاء کپ میں جیت پر جشن منانے والے اترپردیش کے کالج میں زیرتعلیم 60 کشمیری طلباء کو معطل کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ جموں کشمیر کے دارلحکومت سری نگر میں پاک بھارت کرکٹ میچ کے دوران پاکستان کی حمایت کرنے والے طلباء پر انتہا پسند ہندوؤں کے ہجوم نے حملہ کر کے متعدد طلباء کو زخمی کر دیا تھا۔ آج بھارت میں پاکستان کی جیت کا جشن منانے والی خاتون ٹیچر کو بھی نوکری سے نکال دیا گیا ہے جبکہ سابق کرکٹر گوتم گھمبیر اور سہواگ نے نئی دہلی میں پاکستان کی جیت پر خوشی منانے والوں کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved