سلامتی کونسل میں روس کی مستقل رکنیت ختم کرنے پر غور شروع

3  مارچ‬‮  2022

امریکا سلامتی کونسل میں روس کی مستقل رکنیت ختم کرنے کے طریقوں پر غور کر رہا ہے، مستقل اراکین کی رکنیت ختم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر میں تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے اراکین کانگریس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ روس کی سلامتی کونسل کی رکنیت ختم کرنے کے امکان کی تحقیقات جاری ہے، ابھی اس بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔دوسری جانب برطانیہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں روس کی حیثیت کس طرح کم کی جائے، بحث کے لیے تیار ہیں۔

یوکرین کا کہنا ہے کہ جو رکنیت سوویت یونین کو حاصل تھی، وہ روس کو نہیں دی جانی چاہیے، روس کی رکنیت کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔خیال رہے کہ 1945ء میں امریکا، برطانیہ، فرانس، چین اور سوویت یونین کو مستقل رکنیت دی گئی تھی، 1991ء میں سوویت یونین کے ٹوٹنے پر رکنیت روس کو منتقل کردی گئی تھی۔

دوسری جانب  امریکی محکمہ خارجہ نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے فوری طور پر اس خونریزی کو بند کرنے اور یوکرین کی سرزمین سے فوجیوں کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکہ نے روس پر یہ بھی الزام لگایا ہے کہ وہ حملے کے بارے میں معلومات نشر کرنے کی صلاحیت کو روک کر آزاد خبر رساں اداروں تک رسائی کو روک کر میڈیا کی آزادی اور سچائی پر حملہ کر رہا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے روس پر ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹاگرام تک رسائی کو محدود کرنے کی نشاندہی بھی کی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved