مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم صرف عمران خان نہیں،پی ٹی آئی حکومت کو مائنس کرنے کے حق میں ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے حالیہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بے ساکھیاں بھی کمزور ہیں، جواب دے گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے حکومت سے نکلنے کے خواہشمند 22 لوگوں کا علم تھا اب تعداد زیادہ ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحریک کس کےخلاف لانی ہے،کچھ دنوں میں واضح ہو جائے گا، عدم اعتمادپرہم سب متفق ہیں، بلاول کی رائے سے اتفاق نہیں ہے، پنجاب حکومت میں اس وقت کوئی عدم اعتماد نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ 2017 میں الیکشن اصلاحات کے بعد اب دوبارہ ضرورت نہیں ہے، اصل مسئلہ الیکشن چوری کا ہے، ملک کی ضرورت حکومت بنانا نہیں ، صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ راتوں رات کوئی معجزا نہیں ہوتا، 2018 میں جہاں حکومت چھوڑی تھی وہاں پہنچنے میں وقت لگے گا۔
دوسری جانب وزیر دفاع پرویز خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپوزیشن کے 7 ارکان کی جانب سے مکمل حمایت حاصل ہے، حکومتیں بنانے اور گرانے میں جوڑ توڑ کا ماہر ہوں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو عدم اعتماد میں ناکامی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا، روایتی داؤ پیچ کے ذریعے اپوزیشن کا شیرازہ بکھیر کر رکھ سکتا ہوں۔وزیر دفاع نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمارے دو ممبران کو ساتھ ملانے کا دعویٰ کیا ہے ان کے سات ارکان کی جانب سے ہمیں مکمل حمایت حاصل ہے۔