پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے شہرکرم کے سرحدی علاقے میں افغان دہشت گردوں نے پاک افغان سرحد پر باڑ عبور کرنے کی کوشش کی، جس پر پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے سرحدی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنادی۔ ناکامی کی صورت میں دہشت گردوں نے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کردی، شدید فائرنگ کے تبادلے میں کرم کے رہائشی 24 سالہ لانس نائیک اسد اور لکی مروت کے رہائشی 21 سالہ سپاہی آصف شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغانستان کی عبوری حکومت پر زور دیا ہے کہ آئندہ پاکستان کے خلاف اس طرح کی کارروائیوں کے سدباب کو یقینی بنائے۔ پاک فوج دہشت گردی کے خطرے سے ملکی سرحدوں کی حفاظت کیلئے پرعزم ہے اورہمارے بہادر جوانوں کی شہادت اس کے عزم کو مزید پختہ کرے گی۔