پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اب ہمیں یورپ سے لڑوا کر ان سے بھی ہمارے تعلقات خراب کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو لانگ مارچ کے دوران گوجرانوالہ اور کامونکی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کچھ سمجھ نہیں آرہا، یہ اب ہمیں یورپ سے لڑوانا اور ہمارے تعلقات خراب کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے پھر مطالبہ کیا کہ وزیراعظم استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، ورنہ اسلام آباد پہنچ کر تحریک عدم اعتماد لائیں گے، اور آپ کو گھر بھیج دیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر آپ کو عوام پر بھروسہ ہے تو اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کے میدان میں مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاف، شفاف انتخابات کیلئے بھی اس کٹھ پتلی کو نکالنا ضروری ہے، اس لئے اسلام آباد پہنچ کر سلیکٹڈ کو جمہوری طریقے سے فارغ کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ قوم کا وزیراعظم کہتا ہے کہ یوٹرن لینا لیڈر کی نشانی ہے، مگر یوٹرن لینا منافقت ہے، لیڈر کی نشانی پھانسی کو قبول کرنا ہے، یوٹرن لینا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ فارن فنڈنگ کیس میں پکڑے گئے ہو، آپ ایک ہفتہ بھی جیل میں نہیں گزار سکتے، لیکن اب وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو ہم نے جیل بھیجنا ہے، اب عدم اعتماد لا کر ہم نے سلیکٹڈ کو بھگانا ہے۔
بلاول بھٹو نے عوام سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کو صرف ایک موقع دیں، ہم آپ کو عوام کی حقیقی معنوں میں خدمت کرکے دکھائیں گے، بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کرکے دکھائیں گے، مل کر جمہوریت کو بحال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا کوئی مستقبل نہیں انہوں نے لندن بھاگ جانا ہے، میں نے پاکستان میں رہنا ہے، میں کبھی نہیں بھاگوں گا۔