پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کے خود کش بمبار اور سہولت کار کی شناخت کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دھماکےمیں ملوث نیٹ ورک کے خلاف مختلف اضلاع میں آپریشنز جاری ہیں، اور اس سلسلے میں سی ٹی ڈی اسپیشل انویسٹی گیشن کی 4 ٹیمیں مختلف قبائلی اضلاع میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کے ایک سہولت کار اور خودکش بمبار کی شناخت ہوگئی ہے، جس کے مطابق خودکش بمبار نام بدلتا رہتا ہے، اس کی عرفیت عبداللہ تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ خودکش بمبار کے ایک سہولت کار کا ڈیٹا اور اس کی تصویر حاصل کرلی گئی ہے، مبینہ ملزم حسن کا تعلق جمرود ضلع خیبر سے بتایا جاتا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم نے خود کش بمبار اور سہولت کار کو جائے وقوعہ تک پہنچانے والے رکشا ڈرائیور کا انٹرویو بھی مکمل کر لیا ہے، جس کے بعد شہر کے مختلف مقامات سے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ 4 مارچ جمعے کے روز پشاور کے علاقے قصہ خوانی بازار کے کوچہ رسالدار کی جامع مسجد میں خود کش بم دھماکے کے نتیجے میں 57 افراد شہید جبکہ 194 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔