وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں اور چوروں کا ٹولہ کچھ بھی کرلے میں تیار ہوں۔
عالمی یوم نسواں پر فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ خواتین کی وراثت کے حقوق میں سمجھ ہونی چاہیے کہ نبیؐ نے 1500 سال قبل خواتین کو حقوق دیے، یورپ میں بھی خواتین کو حقوق ملے لیکن افسوس کہ پاکستان میں بعض جگہ خواتین کو حقوق نہیں دیے جاتے، میانوالی میں ایک جگہ گیا تو وہاں تصور ہی نہیں تھا خواتین کو حقوق دینے کا، یہ رواج ہمارے ہاں ہندوستان سے آیا جہاں شوہر کے مرنے پر خواتین کو ساتھ ہی ستی کردیا جاتا تھا۔
وزيراعظم نے کہا کہ اللہ نے انسان کو دنيا ميں انصاف کے مقصد کوقائم کرنے کيلئے بھيجا۔ انھوں نے کہا کہ خواتین کوجائیداد میں حق لازمی ملنے کا قانون تو بن گیا لیکن اس پر عمل کروانا ہوگا،رسول ﷺنےسب سے پہلے خواتین کو ان کے حقوق دیئے،اسلام نےخواتین کو جائیداد میں حقدار بنایا ہے تاہم بدقسمتی سے ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہوتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ طلاق، خلع اور دیگرمعاشرتی مسائل میں خواتین کيليے کام کرنے کی مزید ضرورت ہے۔عمران خان نے کہا کہ معاشرہ اس وقت تباہ ہوتا ہے جب طاقتور چوری کرے اورچھوٹ جائے، يہاں طاقتور قانون کے نيچے نہيں آنا چاہتا اوراين آر او مانگتا ہے
اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کرکٹ کی دنیا میں میرا شمار 5 بہترین کپتانوں میں ہوتا تھا، ایک کپتان جب میدان میں اترتا ہے تو اپنے مخالف کی ہر چیز کا خیال رکھتا ہے، وہ ہر قسم کی حکمت عملی تیار رکھتا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کا پلندہ اور چوروں کا ٹولہ کچھ بھی کرلے میں تیار ہوں، انصاف کی جنگ لڑ رہا ہوں اللہ نے ہمیشہ مجھے کامیاب کیا ہے اور اس میں بھی کامیاب کرے گا۔