وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ترین گروپ کے ناراض اراکین اسمبلی کو وزیراعظم ہاؤس طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین گروپ کے اراکین اسمبلی کو آج ساڑھے تین بجے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد طلب کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ناراض اراکین اسمبلی سے ملاقات کریں گے، ان کے تحفظات سنیں گے، اور انہیں دور کرنے کی یقین دہانی کرائیں گے۔
وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات تین بجے ہوگی جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی موجود ہوں گے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے ناراض رکن اسمبلی اور سابق سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے گزشتہ روز اپنے ساتھیوں سمیت جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا، اور بعد ازاں گورنر سندھ کیساتھ ملاقات میں علیم خان کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے سے کم پر کوئی بات نہیں ہو گی۔