پی ٹی وی سپورٹس کے لائیو شو گیم آن ہے میں پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کی جانب سے کرکٹ لیجنڈ شعیب اختر کے ساتھ بدتمیزی کے واقعے پر پی ٹی وی کے ایم ڈی کی سربراہی میں کل تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔
تحقیقاتی کمیٹی کے اجلاس میں ایم ڈی پی ٹی وی اور دیگر حکام نے لائیو شو میں پیش آنے والے واقعے اور اس پر پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ تحقیقاتی کمیٹی کے اراکین نے آن ائیر اور آف ائیر لمحات کی ریکارڈنگز دیکھیں اور ڈاکٹر نعمان نیاز سے سوالات بھی کئے۔
پی ٹی وی ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کو فوری طور پر آف ائیر کرنے کی سفارش کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں شعیب اختر کو بھی بیان ریکارڈ کرانے کیلئے بلا لیا ہے۔
پی ٹی وی ذرائع کے مطابق انتظامیہ نعمان نیاز کے رویے پر سخت نالاں ہے اور ابتدائی رپورٹ میں ڈاکٹر نعمان نیاز کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔ پی ٹی وی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نعمان نیاز کے رویے کی وجہ سے پی ٹی وی کا وقات مجروح ہوا، انہیں آف ائیر کیا جائے۔
یاد رہے کہ 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور پاکستان کے مابین میچ میں پاکستان کی جیت کے بعد پی ٹی سپورٹس کے لائیو شو میں پروگرام کے میزبان نے شعیب اختر کو پروگرام چھوڑ کر چلے جانے کو کہا تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا اور حکومتی وزراء کی جانب سے بھی شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور فوری طور پر ڈاکٹر نعمان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔