جانوروں میں تیزی سے پھیلتے لمپی وائرس کے خطرے کے پیش نظر ماہرین نے فی الحال گائے کا دودھ اور گوشت استعمال کرنے سے پرہیز کا مشورہ دیا ہے۔
لمپی سکن وائرس کیا ہے؟
لمپی اسکن ڈیزیز (ایل ایس ڈی) مویشیوں میں پوکس وائرس کے باعث پیدا ہوتی ہے جس کے بعد گائے، بھینسوں کی جلد دانے دار ہوجاتی ہے۔ متاثرہ جانور کی جلد پر پھوڑے، گانٹھ اور دانے نمودار ہوتے ہیں جن میں چند دنوں میں ہی پیپ پڑنے سے جانوروں کی جلد خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ بعد ازاں متاثرہ جانوروں کے جسم کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے، جس سے وہ کھانا پینا چھوڑ دیتے ہیں اور کمزور ہوجاتے اور پھر دودھ دینا بھی چھوڑ دیتے ہیں ساتھ ہی ان کا گوشت کھانے کے قابل نہیں رہتا۔
ماہرین کا مشورہ
مویشیوں میں کیٹل پوکس یا لمپی وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ماہرین نے گائے کا گوشت اور دودھ استعمال کرنے سے منع کر دیا ہے۔ لیکن چند ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ابھی لمپی سکن وائرس کے کیسز صرف سندھ میں رپورٹ ہوئے ہیں، اور سندھ سے پنجاب میں جانور نہیں لائے جاتے، بلکہ پنجاب سے سندھ بھیجے جاتے ہیں، اس لئے پنجاب کے شہری بلاخوف مٹن اور بیف کا استعمال کر سکتے ہیں۔