سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرادری نے تحریک عدم اعتماد کیلئے درکار 172 ووٹوں سے زائد نمبرز پورے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے آج اپوزیشن کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اپوزیشن نے سوچ لیا کہ اگر اب نہیں تو کبھی نہیں، تحریک انصاف کے اپنے دوست بھی ان سے بیزار ہیں، کیونکہ ان سب کو اپنے حلقوں ميں واپس جانا ہے۔
ایک سوال کے جواب پر پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اراکین اسمبلی کو ایوان میں لائیں گے اور 172 سے زائد ووٹ لیں گے۔ انہوں نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ چاہ رہے ہیں میں انہیں تعداد بتادوں، کیا نام بھی بتادوں؟
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں بھی تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کیا، میں نے اس صدر کے پاس وہ اختیار ہی نہیں چھوڑا کہ اسمبلی تحلیل کردے۔
یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرادی ہے، علاوہ ازیں اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن بھی جمع کرا دی ہے۔