جہانگیر ترین گروپ کے رہنماء نعمان لنگڑیال نے کہا ہے کہ گروپ کے تمام اراکین مائنس بزدار پر متفق ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ترین گروپ کی قیادت جہانگیر خان ترین کر رہے ہیں اور ترین گروپ کے تمام اراکین ان کے ہر فیصلے پر آمین کہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ گروپ کے تمام اراکین مائنس بزدار پر متفق ہیں، اس اگر پر بات ہو گی تو بات آگے بڑھے گی۔ انہوں نے کہا اس حوالے سے ہمارے ساتھ تمام جماعتوں نے رابطہ کیا ہے اور عبدالعلیم خان بھی ترین گروپ کیساتھ متفق و متحد ہیں۔ نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ ہم مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، ہم پی ٹی آئی کیلئے اچھا سوچ رہے ہیں، ہمارا کسی قسم کی بغاوت یا رکاوٹ کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علیم خان ہوں گے یا کوئی اور، جو فیصلہ جہانگیر ترین کریں گے وہی ہمارا فیصلہ ہو گا۔
یاد رہے کہ آج وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفیٰ قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو خود وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں، صرف انہیں بزدار سے مسئلہ ہے، انہوں نے عثمان بزدار کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔