پی ٹی آئی کا فیصل واوڈا کی سینیٹ کی نشست پر الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ

8  مارچ‬‮  2022

پاکستان تحریک انصاف نے فیصل واوڈا کی سینیٹ نشست پر الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے سندھ میں اپنی اتحادی جماعتوں سے بھی اس نشست پر الیکشن کے بائیکاٹ کی درخواست کی ہے۔  ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اس سلسلے میں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے قیادت سے رابطہ کرے گی۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو دہری شہریت کے کیس میں نااہل قرار دیتے ہوئے انہیں تمام مراعات واپس کرنے کا حکم دیا تھا، اور بعد ازاں فیصل واوڈا کی فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیل بھی مسترد کر دی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصل واوڈا کے نااہل ہونے کے بعد خالی نشست پر الیکشن کااعلان کیا تھا، جو 9 مارچ کو سندھ اسمبلی میں ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف نے آغا ارسلان کو اس نشست کیلئے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا، جس کے بعد اب قیادت کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی کا کہنا تھا کہ ہم نے یہ فیصلہ اس لئےکیا ہے تاکہ اداروں اور عوام کے پاس یہ پیغام جائے کہ قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی نااہلی کا کیس ابھی تک زیر التوا ہے، اور دوسری جانب پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری کے جعلی ڈگری کیس کا بھی ابھی تک فیصلہ نہیں ہو سکا، البتہ فیصل واوڈا کو نااہل قرار دے دیا گیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved