فیصل واوڈا کی نااہلی کے بعد سینیٹ کی خالی ہونے والی نشست پر حکومت کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ کے باوجود پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کر دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کا فیصل واوڈا کی نااہلی کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کی نشست پر آج ہونے والے سینیٹ الیکشن کا بائیکاٹ کیا جائے گا، اس سلسلے میں حکومت نے اپنے اتحادیوں ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سے بھی یہی درخواست کی تھی۔
لیکن آج جب پولنگ کا عمل شروع ہوا تو پی ٹی آئی رکن دیوان سچل، اسلم ابڑو اور کریم بخش گبول سندھ اسمبلی پہنچ گئے، اور اپنا ووٹ بھی کاسٹ کیا، علاوہ ازیں تحریکِ انصاف کے رکن سندھ اسمبلی شہریار شر نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔
سینیٹ کی نشست کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی نے نثار کھوڑو جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے ارسلان تاج کو امیدوار نامزد کیا تھا۔ پولنگ کا عمل ختم ہونے کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو سینیٹر منتخب ہو گئے ہیں۔