ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر ترجمان پاک فوج کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کرتے ہوئے بتایا کہ 9 مارچ کی شام 6 بج کر 33 منٹ پر بھارتی حدود سے ایک شے نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، پاکستان ائیرفورس نے اس چیز کی مکمل نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ شے پاکستان کی فضائی حدود میں 3 منٹ اور 24 سیکنڈ تک رہی، جس کے خلاف بروقت ضروری کارروائی کرلی گئی، اڑنے والی چیز ممکنہ طور پر غیر مسلح تھی، ہم اس واقعے پر کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہیں کررہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتا ہے، بھارت کو اس واقعے کی وضاحت دینی ہو گی، پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نےکہا کہ بھارتی چیز کسی حساس جگہ پر نہیں گری اور اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
ملکی سیاست کے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح طور پر کہا کہ میں اس کے متعلق پہلے بھی وضاحت دے چکا ہوں کہ پاک فوج کا سیاست میں کوئی کردار نہیں، یہ ایسا ہی ہے، اور ایسا ہی رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پرکسی قسم کی بحث اور غیر ضروری قیاس آرائی نہ کی جائے، یہی ہم سب کیلئےاچھا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا میڈیا نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ ہم تو اس کے متعلق وضاحت پیش کر چکے ہیں کہ پاک فوج کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، اب اگر آپ سے پاک فوج کی سیاست میں مداخلت کی بات کرے، تو اس سے ضرور اس کا کوئی ثبوت طلب کریں، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ایسا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔