بلوچستان کے صوبائی پارلیمانی لیڈر ظہور بلیدی نے وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی ظہور بلیدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرکزی و صوبائی قائدین اور اتحادیوں کی مشاورت سے قدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قدوس بزنجو کی حکومت بلوچستان میں برے طرز حکمرانی اور بدامنی کی موجب بنی، اور صوبے کی بہتری کیلئے اقدامات بھی نہ کرسکی۔
یاد رہے کہ عبدالقدوس بزنجو گزشتہ برس اکتوبر میں جام کمال کو وزارت اعلیٰ سے ہٹانے کے بعد صوبے کے 18 ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے تھے۔
قدس بزنجو کے پیش رو وزیر اعلیٰ جام کمال کے خلاف 34 اراکین اسمبلی نے 20 اکتوبر کو ایک تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی، جس کے بعد جام کمال 24 اکتوبر 2021ء کو اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے۔