اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے تمام کارکنوں کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کردیا گیا۔
جمعیت علما ءاسلام (ف) بلوچستان کے امیر اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے بلوچستان بھر میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
مولانا عبدا لواسع نے کہا کہ آج جمعہ کو بلوچستان میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی، اس دوران صوبے بھر میں ہمارےکارکنان احتجاجی مظاہرے بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کارکنوں کی گرفتاری اور قائد جمعیت کی اپیل پر کارکنوں نے صوبے بھر میں اہم شاہراہیں بند کردی ہیں۔
مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ مستونگ ، قلات، سوراب ، خضدار ،لسبیلہ، چمن ، قلعہ سیف اللہ اور جعفر آباد سمیت صوبے بھر میں اہم شاہراہ بند کردی ہیں۔دوسری جانب اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے تمام کارکنوں کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کردیا گیا۔رہائی کے بعد جے یو آئی کے تمام کارکن اور دونوں رکن قومی اسمبلی تھانہ آبپارہ سے روانہ ہوگئے۔