الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو دیر میں جلسہ کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لوئر دیر نے وزیراعظم کو مراسلہ جاری دیا ہے جس مں وزیراعظم کو جلسہ کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق وزیر اعظم 11 مارچ کو لوئر دیر میں جلسہ کرنے جارہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن لوئر دیر میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کرچکا ہے۔
مراسلے میں بتایا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے باعث جلسے میں شرکت کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہوگی اور کوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے والا شخص الیکشن مہم میں حصہ نہیں لے سکتا ہے۔
خیال رہے کہ سینٹر فیصل جاوید خان نے اپنے ایک پیغام میں 11 مارچ کو لوئر دیر خیبرپختونخوا میں عوامی جلسہ کرنے کے متعلق آگاہ کیا تھا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں سینیٹر فیصل جاوید خان نے عوامی جلسے کے متعلق بتایا تھا۔