پنجاب اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کی جیت ہوئی ہے اور کانگریس کی شکست ہوئی ہے۔
بھارتی پنجاب میں کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو الیکشن میں شکست کھاگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق نوجوت سدھو کو مشرقی امرتسر سے عام آدمی پارٹی کی امیدوار جیون جیوت کورنے شکست دی۔بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ الیکشن میں سدھو کو 6 ہزار ووٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جس میں سدھو نے 32929 اور ان کی حریف نے 39520 ووٹ لیے۔کانگریس کے رہنما سدھونے سال 2017 میں ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں اسی حلقے سے 42 ہزار ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی۔
انڈیا کے ریاستی انتخابات میں اب تک کے نتائج کے مطابق عام آدمی پارٹی نے پنجاب میں حکمراں کانگریس پارٹی کا تقریباً صفایا کر دیا ہے۔نتائج حیران کن نہیں ہیں کیونکہ پارٹی کے کچھ سینئر رہنما پہلے ہی کہہ چکے تھے کہ پنجاب میں کانگریس کی شکست یقینی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیراعظم مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کا بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اقتدار برقرار رہنے کا امکان ہے۔ریاستی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں بی جے پی کو اترپردیش کے علاوہ گوا، منی پور اور اتراکھنڈ میں بھی برتری حاصل ہے جب کہ بھارتی پنجاب میں عام آدمی پارٹی کی بھاری اکثریت سے جیت کی توقع ہے۔اب تک کے نتائج کے مطابق بی جے پی کواترپردیش کی 403 نشستوں میں سے 274 پر کامیابی یا برتری حاصل ہے،یوپی میں بی جے پی کی جیت سے 2024 کے عام انتخابات میں مودی کی مقبولیت کو تقویت ملنے کا امکان ہے۔بی جے پی 1985 کے بعد پہلی جماعت ہوگی جو مسلسل دوسری مرتبہ اترپردیش میں اقتدار سنبھالے گی۔