قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کے لوئر دیر میں خطاب پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں تحریک عدم اعتماد سمیت ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں شہباز شریف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے بہت بردباری کا مظاہرہ کیا، حالاںکہ جے یو آئی کے ایم این ایز کے ساتھ ظلم کا مظاہرہ کیا گیا، تم ڈی چوک آؤ، ہم تمہارا بھرپور مقابلہ کریں گے اور تمہیں ناکوں چنے چبوادیں گے، میں پہلے عمران خان کی باتوں کا جواب نہیں دیتا تھا لیکن آج دیا ہے تاہم اس سے زیادہ کچھ نہیں کہوں گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا چار برس تک اپوزیشن کو چور ڈاکو کہتے رہے، آپ اپنے گھر کی خبر لیں، جہاں رشوت کا بازار گرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جو زبان استعمال کررہے ہیں اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، وہ نواز شریف کو بھگوڑا کہہ رہے ہیں حالاںکہ عنقریب وہ خود بھگوڑا ہونے والے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی زبان کو لگام دو، ورنہ ہم لگام دینا جانتے ہیں۔
تم خواتین تک پہنچ رہے ہو,ایسے انداز میں بہنوں بیٹیوں کی باتیں کررہے ہو جس کی مہذب دنیا اور اسلامی معاشرے میں کوئی اجازت نہیں ہے.تمہیں وارننگ دینا چاہتا ہوں اپنی زبان کو لگام دو ورنہ ہمیں لگام دینی آتی ہے۔@CMShehbaz pic.twitter.com/aIYNhv9P8G
— PML(N) (@pmln_org) March 11, 2022
اس موقع پر سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ عمران خان باولے ہو گئے ہیں، ان کے گلے میں پٹا ڈالا جائے۔ عمران خان میں پیدائشی طور پر شرافت نہیں تھی پتا نہیں کہاں سے یہ قوم کے گلے پڑ گئے، لیکن اب قوم کی نجات کے دن قریب آگئے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سن لو ہم تمہیں جام کرنا جانتے ہیں، تم نام بگاڑتے ہو، بداخلاقی کرتے ہو، تمہاری زبان بتارہی ہے کہ تم وزیراعظم بننے کے اہل نہیں، تمہیں وزیراعظم بنانا اس منصب کی بے توقیری ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد ضرور کامیاب ہو گی، اگر کامیاب نہ ہوئی تو معاملات سڑکوں اور گلی کوچوں کی طرف جائیں گے، انارکی پھیلے گی، ہم اس کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔