وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر کہا ہے میرا خیال ہے کہ ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا چاہیے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا ہو گا کیونکہ اپوزیشن نے ہارنا ہے اور اسکے بعد بھی ہمیں تنگ کئے رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پانچ سال پورے کرے گا اور تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کو ناکامی ہو گی اور اپوزیشن اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے اسی تنخواہ پر کام کرینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 7 روز قبل پارلیمنٹ، پارلیمنٹ لاجز ایف سی اور رینجرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ امن و امان کا کوئی گلہ نہ رہے جبکہ حکومت 245 کے تحت فوج کو بھی طلب کر سکتی ہے لیکن نوبت ابھی یہاں تک نہیں پہنچی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انصار السلام، بیت السلام اور پرائیویٹ ملیشیاء سمیت کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید آج دو روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچیں گے۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد ایف سی ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداء پر پھول چڑھائیں گے اور نادرا سرٹیفکیٹ سینٹر اور نادرا میگا سہولت مرکز کا افتتاح کریں گے۔