بھارتی میزائل کے پاکستان میں گرنے کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کا ردعمل سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے میزائل کے حادثاتی فائرنگ کے سرکاری اعتراف کے بعد ترجمان وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نےبھارتی وزارت دفاع کےبیان کانوٹس لیاہے، بیان میں میزائل کی حادثاتی طور پر گرنے پر افسوس کا اظہار کیا گیا، اندرونی عدالتی تحقیقات کے فیصلے پر افسوس ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکام کی جانب سے پیش کردہ سادہ وضاحت کافی نہیں ہے، بھارت کو کچھ سوالات کے جوابات دینا ہوں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو یہ بھی بتانے کی ضرورت ہے کہ حادثاتی طور پر چھوڑا گیا میزائل پاکستان میں کیسے داخل ہوا؟ کیا میزائل خود تباہی کے طریقہ کار سے لیس تھا تو یہ حقیقت میں کیوں ناکام رہا؟ بھارت میزائل کے حادثاتی لانچنگ کے بارے میں پاکستان کو فوری طور پر مطلع کرنے میں کیوں ناکام رہا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے واقعے کا اعلان کرنے اور وضاحت طلب کیے جانے تک بھارت نے انتظار کیوں کیا؟بھارت کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ کیا واقعی میزائل کو اس کی مسلح افواج نے ہینڈل کیا تھا یا کوئی اور عناصر تھے۔ یہ واقعہ بھارت کے اسٹریٹجک ہتھیاروں سے نمٹنے میں سنگین نوعیت کی بہت سی خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ بھارتی دفاعی ہتھیاروں کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے، پاکستان اس واقعے کے بارے میں حقائق کا درست تعین کرنے کے لیے مشترکہ تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔عالمی برادری جوہری ماحول میں سنگین نوعیت کے اس واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔