تحریک عدم اعتماد کس کے کہنے پر لائی گئی، وفاقی وزیر کا بڑا انکشاف

12  مارچ‬‮  2022

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ عمران خان دنیا کا واحد مسلم حکمران ہے جس نے امریکہ اور یورپین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی، جس وجہ سے تحریک عدم اعتماد لائی گئی ہے۔

راولپنڈی – (اے پی پی): ہفتے کے روز راولپنڈی میں مختلف فلاحی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کا واحد مسلم حکمران ہے جس نے امریکہ اور یورپین یونین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جس کی وجہ سے عدم اعتماد جیسی تحریک سامنے آرہی ہے،سابقہ حکمرانوں نے صرف اپنی جائیدادیں اور پیسہ بنایا مگر عوام کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک بھر کی طرح راولپنڈی کی عوام کو ان کی دہلیز پر تمام سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے حلقہ میں تعمیراتی کاموں کے ساتھ فلاحی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن میں دیہی مراکز، صحت انصاف کارڈ،اراضی سنٹرز تمام یونین کونسل میں قائم کئے جارہے ہیں جبکہ اس سے قبل راولپنڈی تحصیل میں صرف ایک اراضی سنٹر تھا جس وجہ سے لوگوں کو مسائل کاسامنا رہتا تھا۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل پٹواریوں نےدور دراز علاقوں میں اپنے دفاترز قائم کررکھے تھے اور اپنے علاقوں میں موجود نہ ہوتے تھے مگر موجودہ حکومت شہریوں کودرپیش مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام یونین کونسل میں اراضی سنٹر قائم کررہی ہے اور یہاں محکمہ مال کے تمام افسران سائیلین کے لیے موجود ہوں گے جہاں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمارے حلقہ میں پینتیس سالہ سیاسی تاریخ میں کوئی ایک کالج نہیں بنایا گیاتھا اورہماری حکومت نے 7ڈگری کالج بنائے، ہسپتال کا منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔اس سال ہم نے دو پی سی ون مکمل کئے ہیں جن کے تحت جدید ہسپتال کڈنی وٹراما سنٹر چکری کے مقام پر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ 24دیہاتوں میں گیس کاکام جاری ہے اورمیں نے اپنے حلقہ میں 100فیصد بجلی فراہم کردی ہے۔

غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ حلقہ 59 کے تمام مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے، پی ٹی آئی حکومت کو ساڑھے تین سال ہوچکے ہیں اور جتنے کام اس دور حکومت میں ہوئے وہ پہلے کبھی نہیں ہوئے اورموجودہ حکومت کی سب سے بڑی کامیابی ہے کہ پاکستانی شہری سراٹھا کر زندگی گزار رہاہے کیونکہ دنیا کا واحد مسلم حکمران ہے جس نے امریکہ اور یورپین کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جس وجہ سے عدم اعتماد جیسی تحریک سامنے آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے صرف اپنی جائیدادیں اور پیسہ بنایا مگر غریب عوام کے لیے کچھ نہیں کیا اور اب میڈیا کے ذریعے مہنگائی کارونا رویا جارہا ہے جبکہ مہنگائی پوری دنیا میں ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved