اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد نے وزیراعظم عمران خان پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جانب سے وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتمادکی تحریک سے عوام کے عمران خان پر اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے، موجودہ دور میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے انکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوابی میں عوامی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں آزاد خارجہ پالیسی کی بنیاد رکھی۔پاکستان ایک خود محتار اور آزاد ملک ہے ہم کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیں گے ، ہم دنیا سے برابری کی بنیاد پر تعلقات چاھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد اپوزیشن کا قانونی حق ہے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمارے دور میں جتنی اسلامی قانون سازی ہوئی ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں پانچویں تک سکولوں میں ناظرہ قرآن پاک اور 10 سویں تک ترجمہ قرآن پاک شروع کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے آئمہ کرام کیلئے وظیفہ شروع کیا اور سود کے خلاف قانون سازی کی۔