صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے صوفیا اوراولیاء کرام کی تعلیمات کی پیروی پرزوردیتے ہوئے کہا ہے کہ صوفیا اوراولیاء کرام نے ہمیشہ انسانیت کی ترغیب دی ہے اورانہوں نے اپنی تعلیمات سے مسلمانوں میں محبت، بھائی چارہ،باہمی احترام اور اتفاق واتحادکاپرچارکیا۔
اسلام آباد – (اے پی پی): صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے حضرت عبدالقادرشاہ جیلانی بغدادکے سجادہ نشین شیخ سید خالد عبدالقادر منصورالجیلانی اوران کے ہمراہ آنیوالے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو او لیاء اور صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے، اولیاء و صوفیاء کرام نے انسانیت، مسلمانوں میں محبت، بھائی چارے، باہمی احترام اور اتحاد کو فروغ دیا۔صدرنے کہاکہ صوفیاء نے اسلامی اقدار کی تعلیم کے زریعہ معاشرے کی اصلاح کیلئے نمایاں خدمات انجام دیں اور اسلام کے پیغام کو پوری دنیا بالخصوص وسطی و جنوبی ایشیا میں پھیلا یا۔
صدرمملکت نے کہاکہ حضرت عبدالقادر شاہ جیلانی نے زندگی بھر اعلیٰ اخلاقی اقدار کو برقرار رکھا اور اسلامی تاریخ کے مشکل وقت میں قرآن و سنت کی روشنی میں معاشرے کی اصلاح کی۔
اسلاموفوبیا کے چیلنج پر مؤثر طریقے سے قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، صدر مملکت
صدر مملکت نے سجادہ نشین حضرت عبدالقادر شاہ جیلانی کی طرف سے کئے جانے والے فلاحی کاموں کو سراہا
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) March 12, 2022
انہوں نے کہاکہ موجودہ معاشرے کو اخلاقی گراوٹ، انتہا پسندی اور جعلی خبروں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے،مذہبی رہنماء اپنے خطبات اور تقاریر میں سماجی مسائل کے حل کیلئے تعلیمات دیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ حکومت اور مختلف مکاتب فکر کے رہنما ملک میں مذہبی رواداری، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔
اسلاموفوبیا کاذکرکرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ اسلامو فوبیا کے چیلنج پر مؤثر طریقے سے قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،۔
صدر مملکت نے سجادہ نشین حضرت عبدالقادر شاہ گیلانی کی طرف سے کئے جانے والے فلاحی کاموں کو سراہا۔ بعد ازاں صدر مملکت نے وفد کے اعزاز میں عشائیے کی میزبانی بھی کی۔
شیخ سید خالد عبد القادر منصور الجیلانی نے میزبانی اور پرتپاک استقبال پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے صدرمملکت کو دورہ بغداد کی دعوت بھی دی۔
وفاقی وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری، پاکستان میں عراق کے سفیرحامدعباس لفتاح اورسینئرحکومتی افسران بھی موجود تھے۔