وزیراعظم عمران خان نے پارٹی کی سینئر قیادت کا اجلاس بنی گالا میں طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد پر مشاورت اور قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے معاملے پر وفاقی وزراء پرویز خٹک، علی زیدی، فواد چوہدری اور شفقت محمود کو مشاورت کیلئے بنی گالہ طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات تحریک عدم اعتماد کیلئے نمبر گیم، اتحادیوں کے معاملات اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے پر مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آج مشاورت کے بعد وزیراعظم قومی اسمبلی کے اجلاس کی حتمی منظوری دیں گے۔
دوسری جانب حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) نے تحریک عدم اعتماد پر حتمی لائحہ عمل کیلئے بھی آج اجلاس طلب کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) کی جانب سے مشترکہ فیصلہ سامنے آنے کے امکانات ہیں۔
یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد 8 مارچ کو جمع کرائی تھی، قانونی طور پر اسپیکر قومی اسمبلی کو 22 مارچ سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جلد قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے، تاکہ او آئی سی اجلاس سے قبل یہ معاملہ ختم ہو۔