بھارت یونیورسٹی میں کشمیر کے مو ضوع پر سیمینارکرنے سے روک دیا گیا

30  اکتوبر‬‮  2021

جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں کشمیر کے موضوع پرویبنار بھارتی سرکارنےزبردستی منسوخ کروادیا ،اطلاعات کے مطابق بھارتی دارلحکومت نئی دلی کی معروف جواہر لال نہرو یونیورسٹی( جے این یو ) میں ہونے والا کشمیر کے متعلق ویبینار زبردستی منسوخ کروادیاگیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ویبنار سنٹر فار ویمن اسٹڈیز کی طرف سے منعقد کیا جا رہا تھا جس پر کیمپس میں احتجاج شروع ہوگیا۔ احتجاج کے فوراً بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ سینٹر فار ویمن اسٹڈیز کے زیر اہتمام پروگرام منسوخ کر دیا گیا ہے۔ اس آن لائن سیمینار کا موضوع 2019 کے بعد کے کشمیر میں صنفی مزاحمت اور تازہ چیلنجز تھا۔ اس میں دفعہ 370 کے بعد کی صورت حال کے بارے میں بات ہونا تھی۔ تاہم دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی سخت گیر طلبہ کی تنظیم اور اس سے وابستہ بعض اساتذہ نے اس کی مخالفت کی جس کی وجہ سے اس کی اجازت نہیں دی گئی۔
جے این یو کے وائس چانسلر پروفیسر ایم جگدیش کمار نے کہا کہ سنٹر فار ویمن اسٹڈیز کی جانب سے رات ساڑھے آٹھ بجے جینڈر ریزسٹنس اینڈ فریش چیلنجز ان پوسٹ 2019 کشمیر کے عنوان سے ایک ویبینار کا انعقاد کیا جا رہا تھا۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ جیسے ہی اس پروگرام کی اطلاع ملی تو منتظمین کو پروگرام کو فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی کیونکہ یونیورسٹی انتظامیہ سے اسکے انعقاد کی اجازت نہیں لی گئی تھی ۔جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے کارکنوں نے پروگرام کے انعقاد کے خلاف احتجاج کیا اور ہنگامہ آرائی کی۔اس پروگرام میں اس بات پر بحث بھی ہونا تھی کہ سن 2019 میں جب سے بھارت نے کشمیر کو خصوصی اختیارات دینے والی دفعہ 370کا خاتمہ کیا ہے اس کے بعد خواتین عموماً کس طرح متاثر ہو رہی ہیں۔
یاد رہےبھارت کی موجودہ سخت گیر ہندو قوم پرست حکومت نے کشمیر کا ریاستی درجہ ختم کر کے اسے مرکز میں ضم کر دیا اور اس کے تمام اختیارات نئی دہلی کے پاس ہیں۔ کشمیر کے بیشتر رہنما اور کارکنان جیلوں میں قید ہیں جبکہ خطے میں ہر جانب فوج کا پہرہ ہے۔ حکومت کا دعوی ہے کہ اس طرح بھارت کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کو کچلا جا سکتا ہے۔
لیکن ماہرین کے مطابق ان اقدام سے بھارت اور کشمیریوں کے درمیان خلیج بڑھی گئی ہے اور اس کے منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ چند روز قبل ہی جب پاکستانی ٹیم نے بھارت کو ٹی 20 میچ میں شکست دی تو پورا کشمیر بھارت کی اس شکست کا جشن منانے امنڈ پڑا تھا۔ بھارتی حکومت نے اس کے بدلے میں بہت سے کشمیری طلبہ پر بغاوت کا کیس درج کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved