کراچی سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ 100 بڑی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ کیلنڈر سال 2021ء کے دوران 47 فیصدکانمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، سال 2021ء میں 100 بڑی کمپنیوں کومجموعی طورپر 944.25 ارب روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہوا۔
اسلام آباد – (اے پی پی): کراچی سٹاک ایکسچینج اورانڈسٹری کے اعدادوشمارکے مطابق کے ایس ای 100 انڈکس کی کمپنیوں کوسال 2021ء میں 944.25 ارب روپے کامنافع حاصل ہواجوسال 2020ء کے مقابلے میں 47 فیصدزیادہ ہے، سال 2020ء میں کمپنیوں کے بعدازٹیکس منافع کاحجم 641.69 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سال 2019ء کے مقابلے میں گزشتہ سال کے ایس ای 100 انڈکس کی کمپنیوں کے منافع میں نموکی شرح 57 فیصدریکارڈکی گئی ہے،گزشتہ سال کمپنیوں کے منافع میں نمایاں اضافہ کوووڈ کے بعدمعاشی بحالی کی طرف قوی اشارہ کررہی ہے۔
اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ سال کی چوتھی سہ ماہی میں کے ایس ای 100 انڈکس کی کمپنیوں کو239.28 ارب روپے کامنافع ہوا جوسال 2020ء کی چوتھی سہ ماہی کے مقابلہ میں 21 فیصدزیادہ ہے۔ سب سے زیادہ بینکوں اورتیل وگیس کی کمپنیوں کومنافع ہواہے جس کامجموعی منافع میں حصہ 50 فیصدسے زیادہ بنتاہے۔سال 2021ء میں کمرشل بینکوں کو260.04 ارب روپے کامنافع حاصل ہواجوسال 2020ء کے مقابلہ میں 13 فیصدزیادہ ہے،سال 2020ء میں بینکوں کے بعدازٹیکس منافع کاحجم 229.89 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
تیل وگیس کی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 19 فیصدکی شرح سے نمو ریکارڈکی گئی ہے، سال 2021ء میں تیل وگیس کی کمپنیوں کو225.26 ارب روپے کا بعدازٹیکس منافع حاصل ہواجوسال 2020ء میں 189.42 ارب روپے تھا۔
ٹیکسٹائل کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 333 فیصدکی شرح سے نموریکارڈکی گئی ہے، سال 2021ء میں ٹیکسٹائل کمپنیوں کو55.56 ارب روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہوا جوسال 2020ء میں 12.82 ارب روپے تھا۔
انجنیئرنگ کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 205 فیصد، فرٹیلائزرز 21 فیصد، سیمینٹ 592 فیصد، آٹوموبائل 113 فیصد، کیمکلز93 فیصد، فوڈز65 فیصد، انشورنس 40 فیصد، فارما25 فیصد، ٹیکنالوجی 50 فیصد اوردیگرکمپنیوں کے منافع میں 29 فیصدکی شرح سے نموریکارڈکی گئی ہے،اس کے برعکس بجلی کی کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے دوران 21 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔